پنجی ،24؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گوا کے ایک سینئر بی جے پی لیڈر نے ریاست میں قیادت کی تبدیلی کے امکانات کو آج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں اپنا علاج کرا رہے وزیر اعلی منوہر پاریکر چھ ہفتے میں ملک واپس آئیں گے اور اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ریاست کے شہری ترقی کے وزیر فرانسس ڈسوزا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاریکر گرچہ ریاست سے دور ہیں لیکن انہوں نے کسی کو بھی اپنا اقتدار نہیں سونپا ہے۔کابینہ کے وزراء اور سیکرٹریوں کو جب بھی ان کی رہنمائی کی ضرورت پڑتی ہے، وہ ان کے لیے فون پر دستیاب ہوتے ہیں۔میڈیا کے ایک طبقے نے پاریکر کی غیر موجودگی میں ریاست میں قیادت کی تبدیلی کے امکانات کے بارے میں رپورٹ کی تھی۔پاریکر پیٹ سے متعلق بیماری میں مبتلا ہیں۔امریکہ کے ایک اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔اس اسپتال میں وہ مارچ کے پہلے ہفتے میں داخل ہوئے تھے۔وزیر نے کہاکہ پاریکر کے امریکہ روانہ ہونے سے پہلے میں نے ان سے ملاقات کی تھی اور اپنی چھ ہفتے میں واپسی کو یقینی بتایا تھا۔انہوں نے امکان ظاہر کی کہ پاریکر امریکہ میں زیادہ سے زیادہ آٹھ ہفتے کے لئے رک سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی جب بھی ریاست سے باہر ہوتے ہیں تو چارج کسی اور کو دینے کی روایت رہی ہے۔لیکن یہ زیادہ تر اسی وقت ہوتا ہے جب مواصلات اور رابطے محدود ہوں۔انہوں نے کہاکہ لیکن اب مواصلات کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ہر دن پاریکر چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری یا جو بھی ان سے بات کرنا چاہتا ہے، اس کے رابطے میں ہوتے ہیں۔تو مسئلہ کہاں ہے؟ جہاں تک انتظامیہ کا سوال ہے تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔وزیر تین رکنی کابینہ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی)کا حصہ ہیں۔پاریکر کی غیر موجودگی میں یہ کمیٹی حکومت کے ہر دن کے کام کاج کے آپریشن کے لیے بنائی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی منظوری سے کمیٹی فیصلے کر رہی ہے۔